نئی دہلی18اگست(آئی این ایس انڈیا) سشمیتا دیو نے کہاہے کہ کانگریس قیادت کی طرف سے کوئی شکایت نہیں ہے۔ کوئی ناراضگی اور غصہ بالکل نہیں، سشمیتادیونے کہاہے کہ مجھے یقین ہے کہ سونیا گاندھی کا آشیرواد مجھ پر کہیں نہ کہیں ضرور ہوگا۔گفتگوکے دوران ، جہاں سشمیتا نے مختلف مسائل پر پوچھے گئے بہت سے سوالات کے کھلے جوابات دیئے ، وہیں کچھ سوالات سے بھی گریز کیا۔ کیا نوجوان رہنما کانگریس کی قیادت سے مایوس ہو رہے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں سشمیتادیو نے کہاہے کہ جیوتی رادتیہ سندھیا اور جیتن پرسادپارٹی سے باہر کیوں گئے ، میں اس پر تبصرہ کرنا پسند نہیں کروں گی۔
میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ آج بھی کانگریس میں کئی نوجوان لیڈر موجود ہیں، ان میں بہت زیادہ صلاحیتیں ہیں ، مستقبل روشن ہوگا۔ آج بھی کانگریس میں قائدین کی کمی نہیں ہے۔ اپوزیشن کے اتحاد سے متعلق ایک اور سوال پر انہوں نے کہاہے کہ ابھیشک(بنرجی) اور راہل (گاندھی) کی جوڑی کام کرے گی۔ ابھیشیک-راہل تبدیلی لائیں گے اور مودی-شاہ جوڑی کو شکست دیں گے۔